ہاویری ،11 مارچ (ایس او نیوز) سونور ٹاون میونسپالٹی میں اپنے گھر کا کھاتہ بدلنے کی درخواست دینے والے کسان سے افسران نے 25 ہزار روپے رشوت کا مطالبہ کیا تو کسان نے رقم نہ ہونے کی بات کہتے ہوئے اپنے پاس موجود بیل اور گاڑی رشوت میں پیش کر دی ۔
بتایا جاتا ہے کہ یلپّا رانوجی پچھلے دو سال سے اپنے گھر کا کھاتہ بدلنے کے لئے سونور ٹی ایم سی کے چکر لگا رہا تھا مگر افسران اُسے آج اور کل پر ٹال رہے تھے ۔ پھر اس کے بعد اس سے 25 روپے کی رشوت طلب کی گئی تو اس نے اپنے بیل اور گاڑی کے ساتھ ٹی ایم سی دفتر پہنچ گیا اور افسر سے کہا کہ میرے پاس رقم نہیں ہے اس لئے میں اپنے بیل اور گاڑی تمہارے حوالے کرتا ہوں ، اس کے بدلے میں میرا کھاتہ بدل دو ۔ اس واقعہ کی ویڈیو کلپ سوشیل میڈیا پر خوب وائرل ہو رہی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ یلپّا کی اس انوکھی پیش کش سے پریشان ہو کر ٹی ایم سی کے افسران نے کھاتہ بدلنے کے لئے کاغذات کا مسودہ تلاش کرنا شروع کیا تو اب وہ کاغذات کا ہی پتہ نہیں چل رہا ہے ۔ یلپّا کا الزام ہے کہ افسران نے کھاتہ بدلنے کے لئے ضروری کاغذات کا مسودہ گم کر دیا ہے ۔ ادھر افسران نے یلپّا کو تیقن دیا ہے کہ جلد ہی اس کی کاغذی کارروائی پوری کی جائے گی ۔